ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ڈاکٹرس کوانسانی جذبہ ہمدردی سے معمور ہونا چاہیے: سید محمد علی الحسینی

ڈاکٹرس کوانسانی جذبہ ہمدردی سے معمور ہونا چاہیے: سید محمد علی الحسینی

Wed, 20 Jul 2016 21:07:30    S.O. News Service

گلبرگہ، 20؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا ) خواجہ بندہ نواز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز گلبرگہ میں آج بتاریخ19جولائی بروز منگل کے بی این ٹیچنگ اینڈ جنرل ہاسپٹل کے سیلر فلور واقع آؤٹ پیشنٹ بلاک میں معروف ڈاکٹر بیدن چندرا رائے عرف بی سی رائے کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ڈاکٹرس ڈے اور کے بی این آئی ایم ایس پی جی کلینکل اسٹوڈنٹس کے دوسرے بیاچ کی خیر مقدمی تقریب کاشاندار پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا گیا ۔اس موقع پر نائب صدر خواجہ ایجوکیشن سوسائٹی گلبرگہ فضیلت مآب حضرت سید محمد علی الحسینی صاحب قبلہ جانشین سجادہ بارگاہ عالیہ بندہ نوازؒ نے بحیثیت صدر ، شرکت کی ۔تقریب کے مہمان خصوصی جناب اے ایم پٹھان سکریٹری جنرل خواجہ ایجوکیشن سوسائٹی گلبرگہ تھے ۔حضرت فضیلت مآب نے قبل ازیں حضرت تقدس مآب ڈاکٹر سید شاہ گیسو دراز خسرو حسینی صاحب قبلہ ،صدر نشین خواجہ ایجوکیشن سوسائٹی اور سجادہ نشین بارگاہ عالیہ حضرت بندہ نوازؒ گلبرگہ شریف کا پیام مبارکبادی پڑھ کر سنایا۔حضرت تقدس مآب اپنی گوناگوں مصروفیات کی بنا پر اس تقریب میں حاضر نہ ہوسکے۔ان کی نیابت کرتے ہوئے حضرت فضیلت مآب نے حضرت تقدس مآب کے پیام کو پڑھ کر سنایا جس میں کے بی این آئی ایم ایس کو ڈاکٹرس ڈے کی اور پی جی کلینکل اسٹوڈنٹس کے دوسرے بیاچ کو مبارک باد دی گئی تھی۔اپنے صدارتی خطاب میں حضرت فضیلت مآب سید محمد علی الحسینی صاحب قبلہ نے فرمایا کہ آج شعبۂ طب کافی ترقی کر چکا ہے اور ڈاکٹرس تیکنالوجی کا بھی بھر پور استعمال کر رہے ہیں ۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈاکٹرس کو جذبۂ انسانی ہمدردی سے بھی معمور ہونا چاہیے تاکہ وہ اس پیشے کے تئیں صحیح انصاف کر سکیں اور انسانیت کی خدمت کر سکیں۔حضرت فضیلت مآب نے مزید فرمایا کہ طبی شعبے میں ڈاکٹرس کو چاہیے کہ وہ خواہ پریکٹس کر رہے ہوں یا تدریسی شعبے سے یا پھر تحقیقی شعبے سے وابستہ ہوں ،تحقیق کے کاموں کو مسلسل جاری رکھیں ۔آپ نے توقع ظاہر کی کہ کے بی این آئی ایم ایس میں طبی تحقیقی میدان میں مسلسل کام ہوتا رہے گا اور ایسے طبی شعبہ جات جہاں اب تک کسی کی تحقیقی نگاہ نہ پہنچ سکی ہو ان معاملات میں تحقیق کی جائے اور ایسا کچھ نیا علاج دریافت کیا جائے جس سے سسکتی انسانیت کو فائدہ ہو۔آپ نے توقع ظاہر کی کہ کے بی این آئی ایم ایس کے ڈاکٹر س تحقیق کے دامن کو ہر دم تھامے رہیں گے اور انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے خود کو شرابور رکھیں گے۔مہمان خصوصی پروفیسر ایم ایم پٹھان جنرل سکریٹری خواجہ ایجوکیشن سوسائٹی گلبرگہ نے اپنے خطاب میں انڈر گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن کے عصر حاضر میں بدلتے رجحانات پر روشنی ڈالتے ہوئے پوسٹ گریجویشن کی اہمیت و افادیت کو بڑے جامع انداز میں واضح کیا ۔انھوں نے کہا کہ پوسٹ گریجوٹ میڈیکل تعلیم کا مقصد یہ ہے کہ ماہر اسپیشلسٹ کو تیار کیا جائے جو ملک و ملت کی صحت کو درپیش ضروریات کو سمجھ سکیں اور اپنی پیشہ ور مصروفیات کو قومی ہیلتھ پالیسی کو سامنے رکھ کر پوری ایمانداری سے بروئے کار لا سکیں۔انھوں نے کہاکہ آپ مریضوں کے تئیں اپنی ہمدردی اور یگانگت کو اجاگر کر سکتے ہیں ۔سماج کے اصولوں اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کی بنیادپرمریضوں اور ان کے افراد خانہ کے ساتھ خلیقانہ سلوک روا رکھنا ہی پیشہ ور کامیاب ڈاکٹر کی نشانی ہے۔انھوں نے مزیدکہا کہ پی جی ڈاکٹر کا اپنے پیشہ میں نہایت ہی اہم کردار ہوتا ہے اور مریض اور اس کے لواحقین اس کی جانب پرامیدنظروں سے دیکھتے ہیں اورمریض کے افاقہ کے علاوہ وہ کسی بھی توقع کا اظہار نہیں کرتے۔اسپیشلسٹ ڈاکٹر کو چاہیے کہ وہ اپنے پیشہ کے تقدس کو برقرار رکھتے ہوئے مریض اور اس کے لواحقین کی نہ صرف دل جوئی کرے بلکہ مرض کی صحیح تشخیص اوراس کے شافی علاج کی جانب سے پوری سنجیدگی سے دلچسپی لے۔انھوں نے ڈاکٹروں کی سماج میں ذمہ داری اور ان کے کردار پر بھی مفصل روشنی ڈالی۔شہ نشین پرڈین کے بی این آئی ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر محمد امتیاز الحق ،ڈاکٹر پی ایس شنکر،ڈاکٹرمحمد معین الدین فروکش تھے۔اس موقع پرکے بی این ٹیچنگ اینڈ جنرل اسپتال کے تمام شعبہ جات کے سربراہان،پروفیسرس،ڈاکٹرس ،پی جی اور انڈر گریجویٹ طلبا کی کثیر تعداد موجود تھی۔


Share: